امریکی صدر کا بیان نیویارک کے خلاف اعلان جنگ ہے،گورنر نیویارک

876

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کو قرنطینہ میں تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس پر نیویارک کے گورنر نے ٹرمپ کے بیان کو اعلان جنگ قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے نیویارک کوقرنطینہ میں تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کو قرنطینہ قراردینا ضروری نہیں ہے تاہم نیویارک شہر،نیوجرسی اورکینے ٹی کٹ کے بعض علاقوں کوقرنطینہ قراردیاجائے گا۔

امریکی صدر کے اس بیان پر نیویارک کے گورنراینڈریو کومو نے صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو نیویارک کے خلاف اعلان جنگ قراردے دیا۔

دوسری جانب امریکا میں ایک ہی روزمیں525 افراد ہلاک ہوجانے کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 211 ہوگئی جبکہ نیویارک پولیس کے 500 سے زائد اہلکار بھی کورونا میں مبتلاہوگئے امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کرسوا لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ 199 ممالک میں 6 لاکھ 60 ہزار807 افراد میں کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد 30 ہزار659 افرادجان کی بازی ہارگئے ہیں اور دنیا بھر میں کورونا سے ایک لاکھ 41 ہزار464 افرادصحتیاب ہوچکے ہیں۔