کورونا وائرس: وزیراعظم کا ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

642

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہےجس کے لیے کل وہ قوم سے خطاب کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی جبکہ ملک کی مجموعی اور معاشی  صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ مشکل وقت میں لیڈر شپ کا امتحان ہوتا ہے، کل قوم سے خطاب میں روڈ میپ پیش کروں گا اور قوم کو اعتماد میں لوں گا۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو خصوصی ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اراکین ٹائیگر فورس کا حصہ بھی ہوں گے۔اس کے علاوہ  ملک بھر میں ہائی ویز اور شاہراؤں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام ملکی وسائل کو استعمال کرنن کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مزدور، غریب اور نادار طبقہ حکومت کی ترجیح ہے، گھبراہٹ میں کیے جانے والے فیصلے درست نہیں ہوتے، کل قوم کے سامنے جامع روڈ میپ پیش کروں گا، قوم متحدہ ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کرے گی۔

ذخیرہ اندوزوں کو تنبیہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز نرمی سے بات کو سمجھ لیں ورنہ سخت فیصلے ان کے مفاد میں نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی شعبے کو ریلیف پیکج دینے کا اعلان کل کریں گے جبکہ اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں کام سے روزگار سمیت 40 صنعتوں کو آپرپشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔