الخدمت کے وفد کا قرنطینہ مرکز سکھر کا دورہ،حفاظتی سامان تقسیم

238

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری ، نیشنل ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان ، خیر محمد تنیواور صدر الخدمت سکھر مامون الرشید نے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا ، ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے انچارج قرنطینہ سینٹر ڈاکٹر آغا سمیع اللہ کو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس(پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ)،ماسک ، سینیٹائزراور منرل واٹر کی بوتلیں فراہم کیں۔ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے ڈاکٹر سمیع اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے نیم طبی عملے کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوںنے مزید کہا کہ الخدمت لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے کم آمدنی والے افراد کو راشن اور کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ، صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے ، قرنطینہ سینٹر کے باہر الخدمت کے ذمے داران ، رضاکار ،ایمبولینسز ہر وقت خدمات کے لیے موجود ہیں، قرنطینہ میں خدمات انجام دینے والے عملے کو چائے ،بسکٹ، پانی ودیگر اشیافراہم کی جارہی ہیں ۔ سندھ بھر میں 90ہزار خاندانوں میں راشن، تیار کھانا ، صابن ، سینیٹائزر اورماسک وغیرہ فراہم کیے جارہے ہیں،صدر الخدمت نے پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے کردار کی تعریف کی اورانہیں بھی ماسک فراہم کیے ۔اعجاز اللہ خان نے کہا ہے کہ الخدمت کے طبی مراکز میں لوگوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے، حکومت سے ہر ممکن تعاون کررہے ہیں، ہمارے ہزاروں رضار کار غریب خاندانوں کی داد رسی میں مصرف ہیں ، انہوںنے بتایا کہ سندھ کے اضلاع کا دورہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔