واسا اور بلدیہ ملازمین کی تنخواہیں فوری ادا کی جائے،حافظ طاہر مجید

184

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ واسا اور بلدیہ ملازمین کو تنخواہیں اور پنشنرز کو پنشن ادا کی جائے۔دونوں محکموں کے نچلے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین دیہاڑی دارمزدوروں سے زیادہ پریشان حال ہیں، حکومت سندھ فوری نوٹس لے۔بلدیہ ملازمین کی تنخواہیں ٹریژری آفس کے ذریعے ادائیگی کا بندوبست کیا جائے۔ سیاسی بھرتیوں اور کرپشن نے دونوں محکموں کو خزانے پر بوجھ بنادیا ہے،آئے دن ملازمین گزشتہ مہینوںکی تنخواہ و پنشن کے لیے احتجاج کرتے نظر آتے ہیں مگر کوئی مستقل حل نہیں نکالا جاتا، لاک ڈاؤن میں جب عام آدمی پریشان ہے اور گھر کا چولہا گرم رکھنے کے لیے جتن کرنے پر مجبور ہیں ان محکموں کے ملازمین اور پنشنرز بھی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہیں۔حکومت سندھ ان محکموں کے لیے کوئی مستقل حل نکالے،بہتر ہے کہ بھرتیاں اور ترقی میرٹ پر کی جائیں،جاری شدہ فنڈز کا آڈٹ کرایا جائے۔