میہڑ، تحصیل اسپتال میں ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب، مریضوں کو پریشانی

181

میہڑ (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی میہڑ کے اپوزیشن ممبران شہری اتحاد کے چیئرمن میونسپل کونسلر نیاز علی برڑو، کونسلر عبدالستار چنا، کونسلر عبدالمجید مہیسر نے برڑا رائس مل پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں خطرناک صورتحال اختیار کرگئی ہے ، لوگ پریشان ہیں، تحصیل اسپتال میہڑ میں ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب ہیں، کورونا وائرس کے متعلق کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، مقرر کردہ وارڈ میں آئسولیشن کٹ سمیت کسی قسم کی بھی سہولیات میسر نہیں ہے جبکہ پرائیویٹ اسپتال بند ہونے کے باوجود متعدد ڈاکٹر ڈیوٹی کرنے کے بجائے پرائیویٹ اسپتال چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نزلہ، زکام، بخار والے مریض اسپتال جارہے ہیں۔ ڈاکٹر ان کو کورونا وائرس کا شبہ دلا کر دھکے دے کر لوگوں کو کراچی سکھر جانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دادو ضلع آمدنی کے حوالے سے بڑا ضلع ہے، افسوس ہے کہ دادو ضلع کے عوام بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں۔ حکومت کی جانب سے ضلع کے لیے امدد کے طور پر دیے گئے دو کروڑ فنڈ ڈپٹی کمشنر دادو سمیت منتخب نمائندوں، ڈی ایچ او دادو کے گٹھ جوڑ سے پیسے ہڑپ کرنے کے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار برسوں سے میونسپل کمیٹی میہڑ کی جانب سے میہڑ شہر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا گیا، صفائی بھی نہیں ہوسکی ہے جبکہ ایک طرف کورونا وائرس کا خوف ہے تو دوسری طرف گندگی کے ڈھیروں کے باعث بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کرنے سے پہلے غریب مزدور اور بے روزگار لوگوں کو گھر گھر راشن پہنچایا جاتا، پہلے لاک ڈاؤن کر کے متعدد مزدوروں اور غریب لوگوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا جبکہ یونین کونسل کے چیئرمینوں کی جانب سے صابن تقسیم کے فوٹو سیشن کر کے کروڑوں روپے ہڑپ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد دکانداروں نے مہانگائی کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب مسکین لوگوں کی مدد کرنے کا وقت ہے جبکہ مسجدوں میں عالموں، حافظوں اور پیش اماموں کے اوپر مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہونے کے باعث پولیس شہریوں، مزدوروں اور غریبوں کے اوپر تشدد کرنا بند کریں اور اچھے طریقے سے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرائیں۔ ہم ڈپٹی کمشنر دادو، ڈی ایچ او دادو اور میونسپل کمیٹی میہڑ کے چیئرمین کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر آئے پیسوں سے کرپشن کی گئی تو تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ ڈاکٹرزکو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے اور تحصیل اسپتال میہڑ میں کورونا وائرس کٹ، ادویات اور آئسولیشن کی سہولیات فراہم کرکے خطرناک وبا سے بچائو کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔