باکسر عامر خان کا اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت کو دینے کا اعلان

230

 

لندن (آئی این پی) کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان کردیا اور کہا لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آبادباکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا باکسنگ جم میں ایک ہزاربیڈز رکھنے کی گنجائش ہے، باکسنگ رنگ ہٹا دیں گے تاکہ مزید جگہ بن سکے۔باکسرعامرخان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے این ایچ ایس اسپتال کو زیر تعمیر 4 منزلہ عمارت عارضی اسپتال کے لیے دینے کی پیشکش کردی۔باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ احساس ہے اسپتال میں اس وقت بیڈ ملنا مشکل ہے، این ایچ ایس زیر تعمیر عمارت کو مریضوں کے لیے استعمال کرسکتا ہے، عمارت بولٹن میں تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پریمیئر لیگ سائیڈ چیلسی نے بھی اپنے اسٹیمفورڈ برج اسٹیڈیم میں موجود ہوٹل میں نیشنل ہیلتھ سروس اسٹاف کو مفت رہائش دینے کی پیشکش کردی تھی۔ اس مشکل وقت میں راجر فیڈرر، کرسٹیانورونالڈو اور لیونل میسی سمیت کئی اسپورٹس اسٹارز بھاری عطیات کا اعلان کرچکے ہیں۔