چین کا شکریہ

745

چین کا شکریہ کہ وہ اس نازک وقت میں پاکستان کی مدد کررہا ہے اور وہاں سے روز ہی کورونا ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر طبی آلات پاکستان آرہے ہیں ۔ جب چین کورونا کو چیک کرنے والی یہ کٹس مفت فراہم کر رہا ہے تو پھر یہ ٹیسٹنگ کٹس جا کہاں رہی ہیں اور عوام سے کیوں آٹھ ہزار روپے فی ٹیسٹ وصول کیے جارہے ہیں۔ یہ خبر بھی گردش میں ہے ٹیسٹنگ کٹس کا پہلا کنسائنمنٹ عمران خان نیازی کے شوکت خانم اسپتال کے حوالے کردیا گیا جو اب عوام سے اس ٹیسٹ کے آٹھ ہزار روپے وصول کررہا ہے ۔ عمران خان نیازی بتائیں کہ اب تک کتنا ساز و سامان چین سے بطور تحفہ آچکا ہے اور وہ کس کس کے حوالے کیا گیا ۔جن جن اسپتالوں کو یہ سازو سامان دیا گیا ہے، کیا وہاں پر عوام کو یہ سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جارہی ہے ۔ چین میں عارضی اسپتال ختم کردیے گئے ہیں ، وہاں پر یہ سازوسامان بیکار ہوگیا ہے اور اب اسکریپ کیا جارہا ہے۔ یہی سازوسامان ہنگامی بنیادوں پر ملک میں منگوالیا جائے تو بہت سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ حکومت سے ہماری التماس ہے کہ معاملات کو پیچیدہ کرنے کے بجائے اس کے حل کی طرف توجہ دی جائے ۔ ہم سندھ حکومت اور وفاقی حکومت دونوں سے درخواست کریں گے کہ کورونا ایک سنگین مسئلہ ہے ،ا س لیے اس پر پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے مل جل کر کام کیا جائے ۔