کراچی میں پولیس افسر بھی کورونا وائرس کا شکار

615

کراچی میں ڈیوٹی پر مامور پولیس افسر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ضلع ساؤتھ انویسٹی گیشن میں تعینات کورونا کے مریض انسپکٹر کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے آئسولیشن میں رکھ کر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس کے اہلخانہ بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔آئی جی سندھ مشتاق مہر نے شعبہ ویلفیئر کو متاثرہ افسر کے علاج کیلئےاقدامات کی ہدایت بھی کردی  ہے۔

دوسری جانب کراچی کے 2 نجی اسپتالوں کے 4 ڈاکٹرز میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے باعث اسپتال  انتظامیہ نے 100 سے 150 لوگوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اب تک متاثرین کی تعداد 1300 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہے۔