بلڈر ز مافیا نے لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیز کر دیا

56711

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ افسران نے کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ عحکمہ کے کرپٹ افسران نے کچھ عرصہ قبل غیر قانونی تعمیرات کو نمائشی مسمار کر کے لاک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دیدی اورمعاملے سے مکمل چشم پوشی بھی اختیار کر رکھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشہ کے باعث جہاں پورا شہر بند ہے وہیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ افسران نے نمائشی طور پر مسمار کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو دوبارہ سے تعمیر کرانا شروع کردیا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی کے کرپٹ افسران کی جانب سے غیر قانونی بلڈرز کو کھلی چھوٹ ملنے اور تعمیرات کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کی یقین دہانی پرغیر قانونی بلڈر مافیا نے اپنی تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کرنا شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گلبرگ ٹاؤن بلاک 16میں غیر قانونی تعمیرات کا گڑھ بن چکا ہے۔

سندھ بلڈ کنٹرول اتھارٹی کے افسر مقبول سومرو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہیم صدیقی نے لاکھوں روپے کی رشوت کے عوض ایس بی سی اے کی جانب سے مسمار کی گئی عمارتوں میں دوبارہ سے غیر قانونی تعمیرات کی مبینہ اجازت دے دی ہے۔

گلبرگ بلاک 16کے پلاٹ نمبر 45-Aاور پلاٹ نمبر A-753پر غیر قانونی پورشن اور یونٹ کی تیزی کیساتھ تعمیرات جاری ہے جس کی سربراہی مذکورہ بالا افسران کررہے ہیں۔

اہل علاقہ نے الزام عائد کیا کہ ایس بی سی اے نے اہل محلہ کی شکایات پر جن غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا تھا مذکورہ بالا افسران نے مسمار کی گئی غیر قانونی تعمیرات پر کام شرو ع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔