حیدرآباد،یونین کمیٹی 84 میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے کلورین اسپرے کا آغاز

192

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) یونین کمیٹی 84 کے چیئرمین واراکین کی جانب سے کورونا وائرس سے بچائو مہم کے سلسلے میںیوسی میں مرحلہ وار جراثیم کش کلورین اسپرے کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں یوسی کی تمام مساجد اور دوسرے مرحلے میں گلی محلوں میں اسپرے کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئر صابرحسین قائم خانی نے جامع مسجد حالی روڈ میں اسپرے کرکے جراثیم کش اسپرے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج سعید عزیز، یوسی چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی، راؤ افضل، کونسلر سلطان گدی، نور حبیب، محمد سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائمخانی نے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے ڈاکٹر اُسامہ ریاض اور نرس اریما نسرین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یوسی چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ہمیشہ عوامی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اور کورونا وائرس سے بچائو مہم کے سلسلے میں بھی انہوں نے سب سے پہلے لوگوں میں سینی ٹائزر، صابن اور پمفلٹ تقسیم کیے۔ انہوں نے مسجد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مساجد کے ذریعے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے رہنمائی کریں کہ وہ ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں، لوگوں سے ملتے وقت فاصلہ رکھیں اور جن لوگوں کو بخار اور نزلہ وغیرہ ہو تو وہ مسجد کے بجائے گھروں پر نمازیں ادا کریں۔ انہوں نے یوسی اراکین کو بھی ہدایت کی کہ یوسی کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور اگر آپ کی یوسی میں اسپتال ہیں تو وہاں بھی خصوصی طور پر اسپرے کروائیں اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ کا ساتھ دیں اور اس ضمن میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہرادارے کو اپنی ذمے داریاں محسوس کرتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی جنگی بنیادوں پر لوگوں کو اس وائرس کے اثرات سے بچانے کے لیے سرکردہ ہیں اور عوام کے تعاون سے اس موذی بیماری پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوموں پر مصیبت اور آفات آتی ہیں لیکن وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو ان آفات کا جواں مردی سے مقابلہ کرتی ہیں۔