خیبر پختونخوا حکومت کا 32ارب روپے کے امدادی پیکج کا اعلان

856

پشاور (خبر ایجنسیاں) خیبرپختونخواہ حکومت نے19 لاکھ آبادی کوماہانہ 5 ہزار دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کاروباری طبقے کے لیے ٹیکسوں میں 5 ارب روپے کی چھوٹ اورعوام کو مجموعی طور پر32 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے کی 19 لاکھ آبادی کو احساس پروگرام کے تحت 5000 روپے ماہانہ ملیں گے۔صوبائی حکومت نے کاروباری طبقے کیلیے ٹیکسوں میں 5 ارب روپے کی چھوٹ دی۔ اسی طرح مجموعی طور پر صوبائی حکومت نے32 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانگا اور مردان کے عوام کیلیے فوڈ پیکیج کی منظوری دی۔ ضرورت پڑنے پرمزید دیں گے۔خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون سے متاثرہ صوبے کی عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کابینہ نے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریلیف پیکج نادار طبقے کو مشکلات سے بچانے کے لیے دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں بندش میں اضافے کی بھی منظوری دی اور اب صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ نے صوبے میں عام تعطیلات میں 5 اپریل تک کی توسیع دے دی ہے جبکہ شادی ہالوں سمیت اور بڑے اجمتاعات پر پابندی کو 30 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے گندم کی خریداری کے لیے 17 ارب 50 کروڑ روپے کا پیکیج منظور کرلیا ہے۔