کورونا وائرس: سندھ پولیس کی پھرتیاں، مساجد کو نوٹس جاری کردیئے

539

کراچی: سندھ پولیس نے شہر کی تمام مساجد کو باجماعت نمازوں کی ادائیگی پر پابندی سےمتعلق نوٹس جاری کردیا۔

حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ روز کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کے حکم کے بعد کراچی پولیس کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے حوالے سے شہر بھر کی تمام مساجد کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حکومت کے حکم پر عمل درآمد کرانا مساجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اگر حکم کی خلاف ورزی کی گئی تو مساجد انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز سے 5 اپریل تک مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ  کا کہنا ہے کہ مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد نماز ادا کر سکیں گے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی کہا ہے کہ ہر نماز میں چار سے  پانچ نمازی ہوں گے، 5 اپریل تک یہ پابندی رہےگی۔