کوٹری ،صنعتی زون میں 50 صنعتیں بند،ہزاروں محنت کش امداد کے منتظر

144

کوٹری (پ ر) کوٹری نوری آباد صنعتی زون میں 50 صنعتوں میں پیداواری عمل بند، ہزاروں محنت کش امداد کے منتظر، ڈی سی جامشورو نے صنعتکاروں کو طلب کرلیا، محنت کشوں کو اجرت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت۔ سندھ حکومت کے احکامات پر کوٹری نوری آباد کے صنعتی زون میں کاٹن، سمینٹ، فلٹر، اسپیئر پارٹس اور بیٹری بنانے والے 50 کے قریب صنعتوں میں پیداواری عمل مکمل بند کردیا گیا ہے جبکہ فوڈ فیکٹریوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ پیداواری عمل بدستور جاری ہے۔ صنعتیں بند ہونے سے ہزاروں محنت کش حکومتی مراعات اور امداد کے منتظر بنے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی کی زیر صدارت کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر اور لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جامشورو مشتاق سولنگی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جامشورو شوکت علی اجن، اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت جامشورو نے ضلع بھر کے اسپتالوں اور آئسولیشن وارڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سندھ حکومت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کرانے سے متعلق صنعتکاروں کے ایک وفد نے بھی ڈی سی جامشورو سے ملاقات کی، جس میں جامشورو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں توقیر طارق، چیئرمین کاٹی خلیل بلوچ، سابق عہدیدار ملک اقبال اور آصف میمن بھی شامل تھے۔ صنعتکاروں نے ملاقات میں موجودہ صورتحال میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی سی جامشورو نے صنعتکاروں کو ہدایت دی کہ کسی محنت کش کو اجرت سے محروم نہیں کیا جائے گا اور سندھ حکومت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔