ضلع عمرکوٹ میں مذہبی اجتماعات کو ختم کیا جائے، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ

141

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمن میمن نے عوام اور علما کرام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے خدشات کے باعث اپنی سرگرمیوں کو ختم کریں اور جمعۃ المبارک کی نماز میں جانے سے گریز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں کورونا وائرس کے خدشات کے متعلق علما کرام سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ ملک کے حالات انتہائی حساس ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں، یہ واحد حل ہے، جس سے کورونا جیسے مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے اور کورونا وائرس کے زیادہ کیس ظاہر ہونے وجہ سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعۃ المبارک کی نماز میں عوام کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع عمرکوٹ میں مذہبی اجتماعات کو ختم کرنے اور عوام کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے بچانے کے لیے علما کرام اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی علما کرام حکومت کا ساتھ دیں تاکہ اس خطرناک وبا سے عوام کو بچایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ مسجدوں میں اذان سے پہلے اور بعد میں عوام کو کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی معلومات دیں۔