لاک ڈائون کشمیریوں کو بندکرنے والوں کے گھرتک پہنچ گیا، پرویزالٰہی

272

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر کرفیو لگانے والی بھارتی سرکار کے اپنے گھروں تک بھی لاک ڈائون پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے ایک وڈیو پیغام میں کہا کہ 235 روز سے کشمیریوں کو لاک ڈائون کرنے والے سمجھ جائیں کہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، بی جے پی کے انتہا پسندوں کو اب تو احساس ہوگیا ہو گا کہ لاک ڈائون کیا ہوتا ہے جس کا نشانہ انہوں نےکشمیر کے لوگوں کو بنایا ہوا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و جبر کرنے والا پورا بھارت اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں ہے اور لاک ڈائون پر ہے، عالمی برادری کو حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے کشمیریوں کی حالت زار سمجھنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی سرکار کا ظلم و ستم رکوائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی مسلمانوں پر بھی مظالم رکوانے چاہئیں۔