حیدرآباد:لوگوں کے گھروں میں رہنے کے اعلانات ،غریب امداد کے منتظر

241

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں جمعرات کے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن، شہر میں تمام کاروباری مراکز ، دکانیں اور بازار بند رہے جبکہ لاک ڈائون سے مستثناراشن ، گوشت ،بیکری ،دودھ کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کو رات 8بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی اور رات 8بجے کے بعد پولیس اور رینجرز نے تمام دکانیں بند کرا دیں صرف میڈیکل اسٹورزکھلے رہیں جبکہ شہریوں کے بھی رات 8بجے سے صبح 8بجے تک گھروں سے نکلنے پرمکمل پابندی تھی تاہم اسپتالوں میں کام کرنے والے عملے ،ڈاکٹرز ،میڈیکل اسٹور مالکان اور صحافیوں کو استثنا حاصل تھا ،دن بھر رینجرز اور پولیس کا گشت جاری رہا جبکہ حیدرآباد سے سندھ کے مختلف شہروں کیلیے چلائی جانے والی بسیں ، ویگن اور دیگر ٹرانسپورٹ بھی مکمل طورپر بند رہی جبکہ صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد پولیس نے شہریوں پر تشدد اور گرفتار کرنے کی کاروائیوں کو کم کردیا ہے اعلانات کرکے انہیں گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جاتی رہی۔ جمعرات کے روز بھی سوائے چند ایک مقامات کے شہر میں امدادی سامان کی تقسیم یقینی نہیں بنائی گئی جس کے باعث روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں افراد سخت پریشانی کا شکار ہیں جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن ،پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن ،سمیت سماجی تنظیموں اور مخییر حضرات کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا ۔