ای سی سی اجلاس: این ڈی ایم اے کیلیے 5ارب روپے کا فنڈ منظور

218

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ اعلامیے کے مطابق جاری کردہ یہ فنڈز لاجسٹک اور ضروری بنیادی سامان کے لیے فوری فراہم کیے جائیں گے، فاٹا میں نادرا منصوبہ کے لیے 5 لاکھ 32 ہزار ڈالر کے مساوی ضمنی گرانٹ منظور کیگئی۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے پروگرام کے لیے ساڑھے 5 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری کی گئی، وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے لیے 27 کروڑ 50لاکھ روپے کی گرانٹ منظور ہوئی۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ٹیرف میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ٹیرف کی منظوری دی، مختلف کیٹگریز کے لیے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ایک روپے 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے کلو واٹ بڑھائی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بجلی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن 3ماہ بعد جاری ہو گا۔ نیشنل الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے مراعاتی پیکیج پر کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ایک ماہ میں سفارشات دی جائیںگی۔ای کمیٹی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پیٹرولیم حکام اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ روپے کی قدرمیں کمی سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور تیل کمپنیوں کو خسارے کے معاملے پرمہلت مانگ لی گئی، ایل پی جی ائر مکس کے منصوبوں پر بلوچستان حکومت سے مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے۔