مقبوضہ کشمیر،بھارتی مظالم جاری، کرفیو اور لاک ڈائون 234 ویں روز میں داخل

148

سری نگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جب کہ وادی میں کرفیواورلاک ڈائون 234 ویں روزمیں داخل ہوگیا ہے۔مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیرانسانی لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش کے باعث مسلسل 233 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں
اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے گذشتہ ماہ 10 کشمیریوں کو شہید کیا۔ بھارتی کابینہ نے کشمیر میں آبادکاری ایکٹ سمیت 37 قوانین کے نفاذکی منظوری بھی دے دی ہے، مودی سرکار نے علاقوں کے نام بھی تبدیل کرناشروع کردیے۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اورپکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے۔ 8 لاکھ سے زائد کشمیریوں کوسخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اب تک لگ بھگ 894 بچے شہید اور 177 ہزار سے زائد یتیم ہوچکے ہیں۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔