گلگت بلتستان حکومت کا ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

199

گلگت (آن لائن) کورونا وائرس کے پیش نظر گلگت بلتستان حکومت نے سرکاری ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق ملازمین میں پیرا میڈیکل ،ڈاکٹرز، پولیس اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اضافی تنخواہ کے حوالے سے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مستحق افراد کو راشن فراہم کریں گے۔ سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر کو مستحق افراد کی فہرست تیار کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کورونا وائرس کے مریضوں کے مزید کیسز سے متعلق میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید 3کیسز سامنے آگئے ہیں اس طرح مریضوں کی کل تعداد 84 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار چکا ہے۔