کورونا وائرس عالمی کرکٹ برادری بھی مستقبل کیلئے فکر مند

232

لاہور(جسارت نیوز) کورونا وائرس کے سبب کرکٹ میدان بھی سیاہ بادلوں کی لپیٹ میں آ گئے، مہلک وار رکنے کی امید پر کھیل کی عالمی برادری خود کو مستقبل کیلیے تیار کرے گی۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے میدان ویران اورکرکٹ بھی شدید متاثر ہوئی ہے، پاکستان کی پی ایس ایل لیگ مرحلے میں ہی ختم ہوگئی، آئی پی ایل ملتوی ہوئی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا،بھارت سمیت مختلف ملکوں کی سیریز ادھوری رہ گئیں،دنیا بھر میں کسی سطح کی کرکٹ نہیں ہورہی، اس صورتحال میں عالمی کرکٹ برادری بھی مستقبل کیلیے فکر مند اور مختلف امکانات پر غور کرے گی۔ جمعے کوآئی سی سی کی ویڈیو کانفرنس میں رکن ملکوں کے نمائندے صورتحال پر بات کریں گے، معلومات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ممکنہ اقدامات پر بات کی جائے گی، رواں سال اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور مختلف ملکوں کے مابین آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز کا انعقاد خطرے میں ہے،اس ضمن میں متبادل بی اور سی پلان کا خاکہ پیش کیا جائے گا،اس طرح کی حکمت عملی اپنانے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ متبادل انتظامات بھی ہوجائیں اور ممکنہ نقصان کی شرح بھی کم سے کم سطح پر رکھی جائے۔ذرائع کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں صورتحال کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔