اولمپکس کاالتوا،پاکستانی ایتھلیٹس کے دل ٹوٹ گئے

297

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اولمپک کے التوا سے پاکستانی ایتھلیٹس کے دل بھی ٹوٹ گئے، جیویلن تھروور ارشد ندیم کو عالمی اسٹیج پر اپنا جادو جگانے کیلیے ایک سال انتظار کرنا پڑا تھا، کورونا وائرس کی وجہ سے دوسری مرتبہ ان کی ٹریننگ میں خلل آیا، وہ اب میاں چنوں میں اپنے بچوں کے ساتھ ہیں۔22 سالہ ارشد ندیم کو اولمپکس کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے والے پاکستان کے پہلے جیویلین تھروور کا اعزاز اس وقت حاصل ہوا جب انھوں نے گذشتہ برس سائوتھ ایشین گیمز میں 86.29 میٹر مارک عبور کیا تھا، ان کا ہدف نیزے کو 90 میٹر کی دوری پر پھینکنے کا ہے اور اولمپکس میں وہ یہ کارنامہ انجام دینے کیلیے پراعتماد بھی تھے۔ٹوکیو اولمپکس کے ایک برس التوا کی خبر سے انھیں کافی مایوسی ہوئی، جس کے بعد ٹریننگ کا سلسلہ موقوف کرتے ہوئے میاں چنوں میں اپنے گھر واپس لوٹنا پڑا، وہ واپڈا فیکلٹی میں کوچ فیاض بخاری کی نگرانی میں ٹریننگ کررہے تھے۔