ٹوکیو اولمپکس ملتوی ہونے سے جاپان کو 5.8ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ

211

ٹوکیو(جسارت نیوز) کرونا کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اولمپکس2020ء کے التوا کی وجہ سے میزبان ملک جاپان کو 5.8ارب ڈالر کے بھاری نقصان کے خدشہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اولمپکس 2020ء کے میزبان جاپان نے میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے تیس ارب ڈالر کے قریب اخراجات کر رکھے ہیں جب کہ جاپان کی کنسائی یونیورسٹی کے اعزازی پروفیسر اور معروف ماہر معاشیات کاتسوہیرو میاموتو نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد میں ایک سالہ تاخیر سے 5.8 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق صرف اسٹیڈیمز اور ان سے منسلک دیگر سہولیات کی دیکھ بھال و مرمت اور گیمز کی نئے سرے سے تیاری کیلئے 3.8 ارب ڈالر درکار ہوں گے جب کہ دیگر معاشی نقصانات کی مالیت بھی دو ارب ڈالرز تک جا پہنچے گی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاحت میں کمی اور صارف کا خرچ محدود ہونے کے نتیجے میں جاپان کی مجموعی معیشت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ دنیا کی ایک تہائیآبادی کو گھروں تک محدود کردینے والے کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک تقریباً 21 ہزار اموات ہوچکی ہیں جبکہ اس وائرس کا شکار بننے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔وبا سے سب سے بری طرح متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 500 سے بھی تجاوز کرگئی ہے ۔