قوم مشکل وقت میں کردار ادا کرے‘ حافظ نعیم کا الخدمت باورچی خانے کا دورہ

713
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کورنگی میں الخدمت کچن کا دورہ کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ قوم مشکل وقت میں اپنا کردار ادا کرے‘ الخدمت کا باورچی خانہ غریبوں کے لیے ایک نعمت بن گیا ہے‘ کارکنان غریب اور مجبور افراد کی مدد کے لیے میدان عمل میں نکل آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی میں الخدمت باورچی خانہ کے دورے کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا میں جنگی حالات پیدا کر دیے ہیں ۔ انتہائی تحمل اور حکمت عملی کے ساتھ رفاہی کام کرنے ہیں ۔کورنگی میں الخدمت باورچی خانہ کا قیام مثبت اقدام ہے ،انجینئر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی شکل اختیار کر گیا ہے اور اس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔پورے شہر میں لاک ڈائون ہے جس کی وجہ سے غریب اور محنت کش طبقہ اس صورتحال سے براہ راست متاثر ہوا ہے ۔جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان کو آگے بڑھ کر ان غریب لوگو ں کی مد د کرنا ہے اور انہیں راشن ودیگر غذائی اجناس پہنچانا ہے ۔ مخیر حضرات اس سلسلے میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور ہم سب یہ کام اللہ کی رضا کیلیے کر رہے ہیں ۔الخدمت کے کارکنان کی جانب سے غریب لوگوں کیلیے الخدمت باورچی خانے کا قیام مثبت اقدام ہے اور یہ غریب لوگوں کی عملی خدمت ہے ۔ الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان تمام تر احتیاطی تدا بیر کے غریبوں کی امداد کا کام جاری رکھے ۔اللہ تعالی ہی اس سارے کام کا بہتر اجر دینے والا ہے ۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے کورنگی زمان ٹاؤن میں الخدمت باورچی خانہ قائم کیا ہے جس میں غریب اور مزدور طبقے کے لیے کھانا تیار کرکے فراہم کیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان، نائب امیر عاشق علی خان ،پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر ماجد شیخ ،ناظم روزگار شکیل احمد،ناظم علاقہ کورنگی شرقی محمد جلال خان ،منصور احمد ،مہرالدین افضل اور ناظم نشرواشاعت قاسم جمال بھی موجود تھے۔