فورسز کی صحافیوں سے بد سلوکی ، رپورٹنگ میں مشکلات ، ناصر شاہ کا سیورٹی حکام سے رابطہ

423

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث کراچی میں لاک ڈاؤن کے بعد کراچی پولیس کا صحافیوں سے ناروا سلوک معمول بن گیا۔ اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں صحافیوں کو پولیس کی جانب سے مسائل کا سامنا۔ صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی، گالم گلوچ اورمرغا بنانے کی اطلاعات آرہی ہیں‘ صوبائی وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ کا رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطہ‘ صحافیوں پر بدسلوکی کی اطلاعات سے متعلق آگاہ کیا‘ حکام کی میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں لاک ڈاؤن کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے میڈیا سے وابستہ افراد سے بدسلوکی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ صحافیوں کو پیشہ ورانہامور کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جمعہ کو بھی بعض صحافیوں کو مرغا بنانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، اس سے قبل سندھی نیوز ٹی وی کے رپورٹر پر بھی مقدمہ درج کیاگیا تھا۔ کلاکوٹ تھانے میں تعینات انسپکٹر ریاض نے جسارت کے صحافی سے ادارتی کارڈ، لیٹر اور پریس کلب کا کارڈ دکھانے کے باوجود بدتمیزی اورگالم گلوچ کی‘ پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ جاؤ جاکر شکایت آئی جی سندھ سے کرو یا پھر آئی جی سندھ کے باپ سے کرو، ہمیں فرق نہیں پڑتا۔ تیموریہ تھانے کی حدود میں پولیس اہلکاروں نے نجی نیوز چینل کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں کو آفس کارڈ بھی دیکھایا گیا لیکن وہ نہ مانے، کیمرہ مین ولید ملک نے واپس جانا چاہا تو پولیس اہلکار آپے سے باہر ہوگئے، پولیس اہلکاروں نے کیمرہ مین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ صحافیوں سے ناروا سلوک کی اطلاعات کے بعد وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے رینجرز کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا۔ انہوںنے صحافیوں سے رینجرز اہلکاروں کے رویے پر تفصیلی بات چیت کی اورصحافیوں کے تحفظات سے آگاہ کیا، رینجرز حکام نے وزیر اطلاعات کو صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں،صحافی اپنا آفس اور شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔ بلاول زرداری نے بھی صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر کلاکوٹ اورنیپئر تھانے کی حدود میں شہری سڑک پرکرکٹ تک کھیلنے میں مصروف رہے جبکہ ساتھ ہی ناکے پر اہلکار آنیوالے اور جانے والوں کو تنگ کرتے رہے تاہم ان کی جانب سے کرکٹ کھیلنے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، پولیس نے ایک نان بائی کو پکڑکر دکھاوے کی کارروائی کی۔