کورونا وائرس: ہنگری میں برطانوی سفیر ہلاک

550

ہنگری میں تعینات برطانوی سفیر کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی دفترخارجہ نے ہنگری کے دارلحکومت بودامست میں ڈپٹی سفیر اسٹیون ڈک کی ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے، ہلاک ہونے والے سفارتکار حال ہی میں میکسیکو کے دورے سے واپس آئے تھے اور ان کو کوئی اور بیماری نہیں تھی مگر کچھ دنوں سے ان میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی تھیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 37 سالہ برطانوی سفیر پچھلے سال دسمبر سے ہنگری میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے، اسٹیون ڈک کی ہلاکت جان لیوا کورونا وائرس سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب ہنگری حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہے۔

یاد رہے کہ عالمی وبا سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ ساڑھے 4 لاکھ سے زائد افراد خطرناک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔