قمبرمیں وڈیرے کا ساتھیوں سمیت معمر خاتون پربہیمانہ تشدد،گھر نذر آتش

197

قمبر( نمائندہ جسارت) ضلع قمبر شہداد کوٹ میں بااثر وڈیرے کے بیٹے اور اس کے ساتھیوں نے کبوتر پکڑنے پر عمر رسیدہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بناکربال کاٹ دیے ، منہ پر کالک مل دی اور گھر (جھگی)کو آگ لگادی ۔تفصیلات کے مطابق قمبر شہداد کوٹ کے گاؤں کھوڑی بازار تھانہ ڈرگھ کی حدود میں پیش آیا جہاں بااثر وڈیرے کے بیٹے نے اپنے 8 ساتھیوں کے ساتھ مل کر عمر رسیدہ خاتون کو انسانیت سوزسلوک کا نشانہ بنایا۔خاتون کی شناخت کملہ تونیو کے نام سے ہوئی ہے ، خاتون کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے نے وڈیرے کے بیٹے کا کبوتر پکڑلیا تھا جس کے بعد 9افرادنے گھر میں گھس کر مجھ پر حملہ کیا، میرے کپڑے پھاڑ دیے، بال کاٹ دیے اور بہیمانہ تشدد کے بعد میرا گھر ( جھگی ) کو آگ لگادی۔مظلوم خاتون نے ظالم وڈیرے اور ان کے ساتھیوںکو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بعد ازاں ڈرگھ پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میںظالم وڈیرے ندیم تونیو، رسول بخش ، سلطان ، فضل محمد ، رانجھن ، مانجھن ، سرتاج ، صدام اور مجاہد تونیو سمیت مجموعی طور پر 9 ملزمان کے خلاف دفعہ2020/12 کے تحت مقدمہ درج کرکے ایک ملزم فضل محمد کو موقع پر گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔