لاہورمیں ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی کے بعد دھماکا،10 افراد جھلس گئے

212

لاہور (نمائندہ جسارت) شاہدرہ موڑ پر ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی کے بعد دھماکے سے 10 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور سے سنائی دی۔ دھماکے سے آگ نے قریبی پیٹرول پمپ اور نجی پارکنگ اسٹینڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں پیٹرول پمپ سمیت نجی پارکنگ اسٹینڈ پر کھڑی درجنوں موٹر سائیکلیں، چنگ چی رکشے، گاڑیاں اور بسیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ دھماکے کی آواز اس قدر زیادہ تھی کہ کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ آگ کے شعلے آسمان کو چھوتے رہے جبکہ اورپورے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیںموقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے میو اسپتال پہنچایا ، زخمیوں میں ٹریفک وارڈنز اور ایک خاتون سمیت 10 شہری شامل ہیں۔ جن میں سے عالمگیر نامی ٹریفک وارڈن سمیت ایک شہری کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وقوعے کے فوری بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ آگ لگنے اور دھماکا ہونے کی وجہ ٹینکر سے ایل پی جی گیس کی لیکیج بتائی گئی ہے وقوعے کے حوالے سے متعلقہ پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ انہیں صبح 9 بجے بعض ذرائع سے اطلاع ملی کے ایل پی جی سے بھرا ہوئے ایک ٹینکر سے گیس لیک ہو رہی ہے۔ ابھی وہ پولیس نفری کے ہمراہ پہنچے ہی تھی کہ گیس ٹینکر میں آگ لگ گئی جس سے زور دار دھماکا ہوا اور آگ نے قریبی پٹرول پمپ اور نجی پارکنگ اسٹینڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں موٹر سائیکلیں، بسیں اور چنگ چی رکشے جل کر خاکستر ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک مریض زاہد عباس کا جسم 100 فیصد جبکہ دوسرا مریض کا جسم 90 فیصد جھلس چکا ہے جن کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی تمام مریضوں کا جسم 50 فیصد سے زیادہ جھلس چکا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور وقوعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔