شہریوں کو گھروں میں محدود کرنے سے کورونا کیسز میں تیزی نہیں دیکھی جارہی

111

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کورونا وائرس کی تباہی سے بچنے کے لیے صوبائی حکومت کا ساتھ دیں، رینجرز او رپولیس سے بھرپور تعاون کریں کیونکہ کورونا کے مرض میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ذرا سی بداحتیاطی سب کو نقصان پہنچائے گی۔ وہ اپنے حلقے کورونا کی وبا سے بچاؤ کی آگاہی مہم اور غریب آبادیوں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ عبدالجبار خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس سے پہنچنے والے اثرات سے بخوبی واقف ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے شہریوں کو گھروں تک محدود کیا جس کی وجہ سے کورونا کے کیسز میں اس طرح کی تیزی نہیں دیکھی جارہی جو دیگر ترقی یافتہ ممالک میں دیکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا شمار غریب ممالک میں ہوتا ہے جہاں صحت کی اتنی اچھی سہولیات نہیں ہیں اس لیے عوام خود اپنی صحت کا خیال رکھیں اور کورونا کی وبا سے بچنے کے لیے گھروں تک محدود رہیں۔ بلاجواز گھروں سے نہ نکلیں، کورونا کا وائرس ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے اور پھر یہ غیر محسوس طورپر اپنے اطراف اور میل جول کرنے والے تمام لوگوں تک جاپہنچتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاتا ہے اس لیے جس قدر ممکن ہوسکے اس سے احتیاط کی جائے۔ سماجی میل جول سے دور رہا جائے اور ہاتھوں کو دھونے اور سینی ٹائزر لگانے کا عمل جاری رکھا جائے۔