جیکب آباد ،ٹرانسپورٹ کی بندش سے اشیائے خور ونوش کی قلت

240

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں سے آنے والی گڈز ٹرانسپورٹ 5 روز سے بند، اشیا خورو نوش کی قلت پیدا ہونے لگی، سبزی منڈی کے لیے آنے والی ٹرانسپورٹرز کو بھی مشکلات کا سامنا، بلوچستان سے آنے والی سبزی سے بھری گاڑیوں کو بارڈر پر روکنے کی اطلاعات، شہر میںشدید غذائی قلت پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔ جیکب آباد میں پنجاب کے مختلف شہروں سمیت کراچی، حیدرآباد اور سکھر سے اشیا خورونوش کا سامان لانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے شہر میں اشیا خورونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے، پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں سے آنے والی گڈز ٹرانسپورٹ گزشتہ 5 روز سے بند ہونے کے باعث پرچون کے سامان سمیت جنرل اسٹور کے سامان جس میں ہینڈ واش، ڈیٹول، صابن سمیت دیگر سامان آنا بند ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5 روز سے گڈز ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے، جس کی وجہ سے شہر میں ضروری سامان کی بے حد قلت پیدا ہوگئی ہے اگر چند روز مزید گڈز ٹرانسپورٹ بند رہی تو جیکب آباد میں اشیا خورونوش کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے اور خطرہ ہے کہ چند روز میں شدید غذائی قلت پیدا جائے گی۔ دوسری جانب بلوچستان سے سبزی لانے والی گاڑیوں کو بھی سندھ بلوچستان بارڈر پر روکنے اور بلاجواز تنگ کرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں سبزی کی قلت کا بھی سامنا ہے، اس سلسلے میں مارکیٹ کمیٹی جیکب آباد کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بلوچستان سے سبزی لیکر آنے والی گاڑیوں کو پولیس بارڈر پر روک رہی ہے جس کی وجہ سے سبزی منڈی کے بیوپاریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بارڈر پر سبزی لانے والی گاڑیوں سے پولیس اہلکارسبزی کی بوریاں بھی اتار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزی لانے والی گاڑیوں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔