حکومتی ریلیف عام آدمی تک پہنچانے کا کوئی میکنزم نہیں‘ لیاقت بلوچ

318

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور صدر مجلس قائمہ سیاسی امور لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت کے اعلانات کے ثمرات ابھی تک عوام کو منتقل نہیں ہورہے ، حکومتی ریلیف کے کاموں کا عام غریب آدمی تک منتقل ہونے کا کوئی میکنزم نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب اور سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں اپنے سیاسی حکومتی قد میں اور کمی کر لی ہے ۔ مسئلہ 18 ویں ترمیم کا نہیں وفاقی حکومت کی نااہلی کا سوال ہے۔ پوری قوم کورونا وبا سے نجات کے لیے اپنی مدد آپ کی بنیاد پر مصروف عمل ہے ۔ حکومت بجلی ، گیس ، پانی اورپیٹرلیم مصنوعات پر ٹیکس ، لیوی ، محصولات کم از کم3 ماہ کے لیے ختم کر دے ۔ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی اگر عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق کی جاتی تو یہ کم از کم 35 روپے کم ہوسکتی تھی ، ابھی بھی حکومت عوام کی جیب سے 20 روپے فی لیٹر نکالے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کورونا کی وبا کی احتیاطی تدابیر اور غریب ،مستحق ، دیہاڑی دار محنت کش خاندانوں کو راشن ، پکا ہواکھانا فراہم کرنے اور مستحق خاندانوںتک راشن پہنچانے کے انتظامات کے کاموں کے حوالے سے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان عبدالشکور نے نائب امیر جماعت اسلامی کو ملک بھر میں الخدمت کی سرگرمیوں اور رضا کاروں کے ذریعے خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپوزیشن قائدین نے آزمائش کی گھڑی میں قومی کردار ادا کیا ہے ،وہ کام جو حکومت کو کرنا چاہیے اپوزیشن کر رہی ہے ۔ عمران خان انا ، ضد ، ہٹ دھرمی کے خول سے باہر نہیں آرہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی فاشزم ، بھارت میں مسلمانوں پر ہندو برہمن کی قیامت ، افغانستان کے اہم مرحلے ، اقتصادی بحران اور اب کورونا وبا کی آزمائش میں بھی وزیراعظم عمران خان قومی وحدت و یکجہتی کے لیے قومی متفقہ پالیسی اور قومی قیادت کو متحد کرنے میں ناکام ہیں ۔ حکومتی رویہ ریاستی اداروں کو دیوار سے لگا رہاہے ۔ پروگرام سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور صدر الخدمت لاہور عبدالعزیز عابد نے بھی خطاب کیا ۔ احمد سلمان بلوچ ، رضا کار و دیگر کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔