غزہ ،یمن اور شام میں پھنسے افراد کی صحت کو خطرات لاحق

226

اوسلو (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نارویجن رفیوجی کونسل کا کہنا ہے کہ کئی ممالک میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا سبب بننے والی خطرناک وبا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بنائے گئے اصولوں اور عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے خطے میں شورش زدہ علاقوں میں تقریباً 3 لاکھ افراد تک رسائی ممکن نہیں رہی۔ ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی، یمن اور شام میں موجود سیکڑوں افراد کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں اور ان علاقوں میں طبی سہولیات کا پہلے ہی فقدان ہے۔ نارویجن رفیوجی کونسل کے مطابق ایسے علاقوں میں کورونا وائرس زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ گروپ کے سربراہ جان ایگلینڈ نے اس حوالے سے اپیل کی ہے کہ بحران کے دوران اگر بڑی مارکیٹیں کھلی رکھی جا سکتی ہیں تو حکومتوں اور عالمی اداروں کو ایسے اقدامات یقینی بنانے ہوں گے جس سے پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔