امریکی پابندیاں ختم کروانے میں جاپان مدد کرے‘ ایران

228

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان کے لیے ایرانی سفیر نے ٹوکیو حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ تہران پر امریکی پابندیاں ختم کروانے میں مدد فراہم کرے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سفیر مرتضیٰ رحمانی موحد نے ٹوکیو میں بدھ کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آلات کی کمی سے صحت و بہبود کے نظام اور عوامی حفظانِ صحت کو مستحکم بنانے کی کوششیں متاثر ہورہی ہیں۔ اُنہوں نے امریکا کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اِن مخالف اقدامات کی وجہ سے ایران خام تیل برآمد کرنے اور طبّی آلات خریدنے کے لیے فنڈز حاصل کرنے کے قابل نہیں رہا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پابندیاں طبّی ساز و سامان کے باقاعدہ حصول میں رکاوٹ بھی رہی ہیں۔ انہوں نے جاپان کی جانب سے رواں ماہ ایران کو طبّی معاونت کیل یے 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پابندیاں اُٹھانا اہم بات ہے تاکہ باقاعدہ تجارت بحال کی جا سکے ۔ اُدھر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کی کامیابی سے کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وائرس پھیلنے کے بعد نئے کیسز میں کمی دیکھی گئی ہے۔ انسداد کرونا کمیشن کے اجلاس سے خطاب میں صدر روحانی کا کہنا تھا کہ جلد ہی خوفناک وبا پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔