لیبیا: باغی ملیشیا کا ترک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

234

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا میں باغی جنرل خلیفہ حفتر کی فوج نے ترکی کا ایک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔ باغی ملیشیا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیبیا کے جنوبی علاقے زلیتن کے کھیت کے نزدیک گرایا جانے والا ڈرون طیارہ راکٹوں سے لیس تھا۔ تُرکی کی جانب سے کنٹرول کیے جانے والے ڈرون کے ذریعے جفرہ کے علاقے میں تعینات ملیشیا کے یونٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ حفتر ملیشیا کی جانب سے تباہ ہونے والے ڈرون کے ملبے کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ دوسری جانب دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں منگل کے روز سے باغیوں اور حکومت کی حامی ملیشیاؤں کے درمیان مسلح جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قبل ازیں فریقین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق گزشتہ روز صلاح الدین اور عین زارہ کے محاذوں پر فریقین کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہوتی رہی۔ اس دوران فریقین نے بھاری توپوں کا استعمال کیا اور شدید گولہ باری کی۔ باغی حفتر ملیشیا کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ عین زارہ کے محاذ پر لیبی فوج کے پیچھے ہٹ جانے کے بعد تیزی سے پیش قدمی کی جارہی ہے۔