جی 20 کا ہنگامی سربراہ اجلاس آج ہوگا‘ کورونا اہم موضوع

280

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں آج جی 20 کے سربراہ اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس کی سعودی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔ خبررساں اداروں کے مطابق کورونا وائر س کے تناظر میں اجلاس کی کارروائی آن لائن ہوگی اور جی 20 ممالک کے سربرا ہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے مشترکہ کوششوں کے سلسلے میں غور کریں گے ۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، عالمی بینک گروپ، اقوام متحدہ، فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن، مالی استحکام بورڈ، بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن، اقتصادی تعاون و ترقی تنظیم، عالمی تنظیم برائے تجارت سمیت دیگر تنظیموں کے نمایندے بھی شرکت کریں گے ۔ عالمی تنظیموں کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی انجمن ، افریقی اتحاد، عرب خلیجی تعاون کونسل ، جمہوریہ روانڈا کے سربراہوں کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ ہنگامی اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے علاقائی تنظیموں کے کے نمایندے بھی اپنی آرا پیش کریں گے۔ جی 20اجلاس کے ایجنڈے میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ممکنہ تدابیر پر غور کرنے کے ساتھ ممالک کے درمیان تعاون کو بھی پروان چڑھانا شامل ہے۔