پی سی بی کا کورونا وائرس کے خلاف اعلان جنگ

151

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اس سلسلے میں پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔علاوہ ازیں، پی سی بی کے سینئر منیجرکے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہوار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔پی سی بی بطور ادارہ اسٹاف سے اکٹھی ہونے والی رقم کے برابر امداد کرے گا۔ یاد رہے کہ عالمی ادارہِ صحت کورونا وائرس کو ایک عالمی وباء قرار دے چکا ہے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈکی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ وہ اپنے ہیلتھ ورکرزکی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے اور اس سلسلے میں پی سی بی نے اپنی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے۔احسان مانی نے کہاانہیں یقین ہے کہ ہمارے معاشرے میں موجوددیگر سخی لوگوں کی طرح پی سی بی کے کئی ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پر حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے۔انہیں امید ہے کہ یہ تمام افرادکورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنے طور پر عطیات دینا جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکراس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔احسان مانی نے کہاکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر پوری قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرے، انہیں اور ان کے پیاروں کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کا واحد راستہ احتیاط ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ہم ایک باہمت قوم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہم سب مل کر اس وباء کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔