موجودہ صورتحال میں صاحب استطاعت لوگوں کو بھی غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنی چاہئے

396

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے وزیراعظم کے معاشی پیکیج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اچھا اقدام اٹھایا ہے، صاحب استطاعت لوگوں کو بھی موجودہ صورتحال کے تناظر میں غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔ بدھ کو سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے شہریوں کو گھروں میں رہنا چاہئے اور حکومت کی جانب سے جاری اختیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب اور دیہاڑی دار لوگوں کے لئے خصوصی پیکیج خوش آئندہ ہے، اس کارخیر میں صاحب استطاعت لوگوں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ قمر زمان نے کہا کہ300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 3 ماہ کی اقساط میں بل وصول کرنا اور مزدور طبقے کیلئے 200 ارب روپے کا فنڈ رکھنا خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر 15 روپے فی لیٹر کمی کرنے سے عام عوام کو ریلیف فراہم ہوگا۔ قمر زمان نے کہا کہ چین نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اہم کر دار ادا کیا اور چینی عوام نے بھی اس وباء سے نمٹنے کے لئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔