مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق،3 زخمی

300

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مختلف واقعات میںتین افرادجاںبحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانہ کی حدودپپری مری گوٹھ میں 23سالہ نوجوان ملہاڑی نے باپ سے ایک ہزارروپے نہ ملنے پر طیش میں آکرکلہاڑیوں کے وارکرکے اپنے 12سالہ چھوٹے بھائی الف خان کوقتل کرکے اپنی ماں، چھوٹی بہن سمیت بھائی زاہد کو لہولہان کردیا،اطلاع ملنے پرپولیس جائے وقوع پرپہنچ گئی تاہم ملزم فرارہونے میں کامیاب ہوگیاجبکہ پولیس نے بغیرپوسٹ مارٹم کے لاش کواہل خانہ کے حوالے کردیا، پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں اورملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بلدیہ کے ایم سی گرائونڈ کے قریب پانی کے گڑھے میں نہاتے ہوئے ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہوگیا ، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوادارے کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے ، لاش کو پانی کے تالاب سے نکال کر ایمبولنس کے ذریعے قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر متوفی کی شناخت 25 سالہ بخت نواز ولد خالد نے نام سے کی گئی ، پولیس نے بتایا ہے کہ متوفی پانی کے گڑھے میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوا ہے ، تاہم ورثابغیر کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے،اورنگی ٹائون میں گھریلو جھگڑے کے بعد نوجوان لڑکی نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہے کہ متوفیہ نے گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران دلبردشتہ ہوکر دوپٹے کا پھندا بناکر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی ہے ، پولیس نے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ، جبکہ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔