ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ لائق تحسین ہے‘خرم شیرزمان

396

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان اور جنرل سیکرٹری جانب سے 150بلین کے ریلیف پیکیج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہنگامی صورتحال میں وزیر اعظم کی جانب سے غریب عوام کے لیے ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہائوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے 50بلین روپے یوٹیلیٹی اسٹورز اور 50بلین میڈیکل ورکرز اور آلات کے لیے مختص کیے ہیں جو ایک بہترین اقدام ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس کی شرح اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی سے غریب عوام پر بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے سب سے بڑے خطرے سے دوچار ہے جس میں انسان کو انسان سے خطرہ لاحق ہے۔ ان حالات میں وزیر اعظم نے غریب طبقے کو مزید تباہی سے بچا لیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ عوام کا درد سمجھتے ہیں اور زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہیں۔