پی ٹی آئی رہنمائوں کوپی پی سے بغض کے سوا کچھ نظر نہیں آرہا‘عاجز دھامرا

385

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان عاجز دھامراہ اور ضلع شرقی کے سیکرٹری اطلاعات وقاص شوکت نے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کام کو سراہا ہے تو دوسری جانب سیاسی پوائنٹ اسکوارنگ کیلیے عوام کے سامنے مگرمچھ کے آنسو بہاکر اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام جانتے ہیں کہ سندھ کی تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت کے وزرا ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے اور عوام کے ترجمان بھی ہے مگر انہیں پیپلز پارٹی سے بغض کے سوا عوام کے ریلیف کیلیے کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور فنگشنل لیگ حکومت میں بیٹھ کر عوام کو آگاہ کریں کہ انہوں نے سندھ کی عوام کیلیے کونسے اقدامات اٹھائے ہیں اور وفاقی حکومت سے عوام کی بہتری ، تندرستی اور فلاحی کاموں کیلیے کیا ایمرجنسی اقدامات کیے ہیں۔ پی پی پی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی اور سندھ کو وفاقی حکومت کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرنے کے باوجود سندھ حکومت خدمت کا عزم لیے ہر میدان میں صف اول کا کردار ادا کررہی ہے۔ صوبائی حکومت کا ہر فرد اپنی جان کی پروا کیے بغیر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور ان کی حفاظت کیلیے ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں سیاست بالائے طاق رکھ کر عوام اور ملک کیلیے سوچنا اور ضروری اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔