مشکل وقت میں مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کی جائے، سعید غنی

252

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس وقت ملکی صورتحال میں ہمارا فرض ہے کہ ہم مزدوروں ، محنت کشوں اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کے خاندانوں کو مکمل سپورٹ کریں۔ ہزاروںکی تعداد میں لوگوں نے فون، میسیج اور دیگر ذرائع سے میری صحت کے لیے دعائیں کی ہیں، میں ان تمام کا مشکور ہوں ،ان کی دعائوں سے مجھے حوصلہ ملا ہے۔ میری تمام مخیر حضرات سے استدعا ہے کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے قائم کیے گئے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں بھرپور تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ الحمد اللہ میری صحت بہت بہتر ہے تاہم میں کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد مکمل آئسولیشن میں ہوں لیکن میں اپنے گھر سے بیٹھ کر جو کچھ ممکن ہے وہ کام کررہا ہوں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے لڑ رہی ہے اور پاکستان میں سندھ حکومت نے اس لڑائی کا آغاز پہلے روز سے ہی کیا ہے اور آج بھی ہم بھرپور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت جب پورے صوبے میں لاک ڈائون ہے، ہمیں اپنے ان محنت کش بھائیوں اور ان کے خاندانوںکے ساتھ کھڑا رہنا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر کما کر اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ قائم کیا ہوا ہے اور میری اپیل ہے کہ مخیر حضرات اس فنڈ میں زکوٰۃ اور عطیات جمع کرائیں تاکہ ان ضرورت مندوں کی مالی معاونت کی جاسکے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ بینک میں قائم اس فنڈ میں جس کا اکائونٹ نمبرA/C 03015594456100 ہے، اس میں زیادہ سے زیادہ امدادی رقوم جمع کرائی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ اکائونٹ کسی وزیر ، پیپلز پارٹی یا کسی دیگر پارٹی کا نہیں بلکہ اس اکائونٹ کو فیصل ایدھی، مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر عبدالباری جیسے سوشل ورکرز چلائیں گے اور اس میں کوئی حکومتی یا سیاسی فرد شامل نہیں ہے۔