ـ2018ء میں ٹی بی سے دنیا میں ڈیڑھ لاکھ اموات ہوئیں،پروفیسرنثار

321

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے صدر پروفیسر نثار احمد راؤ نے کہاہے کہ سال 2000ء سے2018ء کے دوران ٹی بی کے مرض کے خلاف عالمی کوششوں کے نتیجے میں جہاں اس مرض میں مبتلا 5کروڑ 80لاکھ افراد کی جانیں بچالی گئیں ،وہیں سال 2018ء میں ٹی بی کے باعث دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ افراد جان سے چلے گئے جبکہ ایک کروڑ افراد اس مرض سے متاثر بھی ہوئے اور یہ مرض اب بھی دنیا میں اموات کی 10بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ کورونا وائرس بحران کے باعث ورلڈ ٹی بی ڈے کے سلسلے میں عوامی آگہی کی تقریبات کومنسوخ کردیا گیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی کے ذیلی ادارے اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں ورلڈ ٹی بی ڈے کے سلسلے میں منعقدہ شجرکاری کے محدود پروگرام کے بعد ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ پروفیسر نثار احمد راؤ اوآئی سی ڈی کے ڈائریکٹر بھی ہیں، ان کا کہنا تھاکہ ورلڈ ٹی بی ڈے کے سلسلے میں عوامی آگہی کی تقریبات کومنسوخ کردیا گیا ہے تاہم محدود پیمانے پر شجر کاری کی گئی ہے جس کے ذریعے پرفضا ماحول کا شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ ہمارا تنفس کا نظام کسی بھی بیماری سے محفوظ رہے۔انہوں نے بتایاکہ پورے اوجھا کیمپس اور اس کے اطراف میں عوامی آگہی کیلیے بینرز لگادیے گئے ہیں، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اوآئی سی ڈی ڈاکٹر ندیم احمد، ڈاکٹر مرزا سیف اللہ بیگ اور دیگر نے پودے لگائے۔ ڈاکٹر نثار احمد راؤ نے کہاکہ اب بھی سالانہ بنیادوں پر لاکھوں لوگ اس بیماری سے متاثر ہورہے ہیں، عالمی سطح پر اس بیماری کا بطور وبائی بیماری خاتمہ کرنے کے لیے 2030ء کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔