فروٹ اور سبزی منڈی میں کورونا پھیل سکتا ہے، زاہداعوان

448

کراچی(صباح نیوز)چیئرمین کراچی فروٹ اینڈ ویجیٹبل ٹریڈر اینڈ مرچنٹ ایسوسی ایشن زاہد اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فروٹ اور سبزی منڈی میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہتر اقدامات نہ کیے گئے توکورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔ زاہد اعوان نے کہا کہ فروٹ اور سبزی منڈی سے دن بھر شہر بھر میں مال کی سپلائی کی جارہی ہے مگر سندھ حکومت کی جانب سے یہاںکوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے ‘ مزدور پیشہ افراد بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے ایک دوسرے سے کاروبار میں مصروف ہیں، جس کے باعث وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔زاہد اعوان نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو سندھ حکومت کی کورونا وائرس کے خلاف کارکردگی بہت شاندار رہی ہے مگر سبزی منڈی میں صورتحال اس کے برعکس دکھائی دے رہی ہے ‘ زاہد اعوان نے وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر اعلیٰ حکام سے اس مد میں فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے ۔