وفاقی کابینہ :غیر ملکی تجارتی قرضوں اور منافع کی ادائیگیوں پر ٹیکس چھوٹ

131

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی کابینہ نے غیر ملکی تجارتی قرضوں اور منافع کی ادائیگیوں پر ٹیکس چھوٹ، ایس ایم ای بورڈ کی تنظیم نو، وزارت قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا نام تبدیل کر کے قومی ورثہ و ثقافت رکھنے، ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین کی فی ایکٹر لیز 4500 روپے مقرر کرنے سمیت دیگر اہم پالیسی امور کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے اپنے عزم کو دوہرایا ہے کہ ہم پاکستان کے موجودہ صدی کے سب سے بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے پرُعزم اور ہمہ وقت تیا رہیں، ہماری ٹیم دن رات صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہے، وزیراعظم نے واضح کیا کہ چین دیرینہ دوست ہے جو پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر ضروری اشیا مہیا کر رہا ہے، کورونا وائرس کی عالمی، علاقائی اور ملکی سطح پر صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے بروقت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، عوام کے لیے معاشی ریلیف پیکج اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ جولائی سے فروری کے دوران اعداد و شمار کے مطابق مجموعی قرض دینے کی شرح 14 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ماہ مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 11.7 فیصد کم، جولائی سے فروری تک مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 3988 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں اور نوجوانوں کو ساتھ ملا کر کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا، نوجوان رضا کار فورس قائم کرکے پاکستان کے نوجوانوں کو دکھی انسانیت کے لیے ہر اول دستہ بنایا جائے گا۔اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے ہم ہر پہلو کا باقاعدہ جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جلدی میں کیے گئے فیصلے نقصان دہ ہوتے ہیں، ہر ملک میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال مختلف ہے، ہر ملک اپنے حساب سے بہترین فیصلے لے رہے ہیںاور ہم روزمرہ کی بدلتی ہوئی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے لینے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔سیکرٹری کابینہ نے وزارت توانائی سے متعلق ایجنڈا واپس لینے کی استدعا کی جسے کابینہ نے منظور کر لیا ۔کابینہ نے خصوصی کمیٹی کے 12 مارچ کے فیصلوںکی توثیق مؤخر کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ منٹ اور رولز آئندہ اجلاس میں پیش کیے جائیں۔فاقی کابینہ نے غیر ملکی تجارتی قرضوں اور منافع کی ادائیگیوں پر ٹیکس چھوٹ، ایس ایم ای بورڈ کی تنظیم نو، وزارت قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا نام تبدیل کر کے قومی ورثہ و ثقافت رکھنے، ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین کی فی ایکٹر لیز 4500 روپے مقرر کرنے سمیت دیگر اہم پالیسی امور کی منظوری دیدی ہے۔