لاک ڈاؤن: سندھ حکومت نے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لے لیا

494

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں کوروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل لاک ڈاؤن کے دوران شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بدسلوکی کا صوبائی حکومت نے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں صحافی فرائض انجام دے سکتے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاط کے ذریعے ہی کورونا کی وبا کا خاتمہ کرسکتے ہیں، میڈیاورکرز فرائض کی انجام دہی میں فاصلہ ضرور رکھیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے میڈیا ورکرز سے تعاون کریں۔

مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ میڈیاورکرز اپنے ساتھ ادارے کا کارڈ لازمی رکھیں، قوم مشترکہ جدوجہد کے ساتھ کورونا کو شکست دے گی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا تیسرا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اْن سے گھروں میں نہ بیٹھنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔

حکومتی احکامات کی روشنی میں صحافی، میڈیا کارکنان، فلاحی اداروں کے رضا کار، پولیس اہلکار اور طبی عملے کو لاک ڈاؤن سے مستشنیٰ حاصل ہے البتہ شہر میں تعینات اہلکار مذکورہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو بھی روک کر اْن سے سختی سے پیش آرہے ہیں۔