کیبل آپریٹرز کیخلاف کارروائی کی درخواست پر وفاق ،چیئرمین پیمرا کو نوٹس

104

اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیو نیوز کی بندش اور نشریات میں خلل کے ذمہ دار کیبل آپریٹرز کے خلاف
کارروائی کی درخواست پر وفاق چیئرمین پیمرا اور کیبل آپریٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے انڈی پینڈنٹ میڈیا کارپوریشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اس متعلق تو عدالت پہلے ہی حکم جاری کر چکی ہے۔ عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ نے کہا چینل کی بحالی ہو گئی ہے مگر ہماری دوسری استدعا بھی ہے کہ نشریات میں خلل اور رکاوٹ کا باعث بننے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ درخواست میں سیکرٹری اطلاعات ، چیئرمین پیمرا ، کیبل آپریٹرز اور میڈیا ڈسٹری بیوٹرزکو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا بطور ریگولیٹر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا اس لیے عدالت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کرے۔