سندھ کے عوام کو راشن دینے اور مالی امداد کیلیے کمیٹی تشکیل

297

 

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت اور دیگر مستحق افراد کی دیکھ بھال کے لیے انہیں مالی امداد یا راشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کا گھر کا چولہا جلتا رہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے فلاحی تنظیموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یومیہ اجرت اور دیگر مستحق افراد کی مدد جو لاک ڈاؤن کے دوران اپنی روزی روٹی کمانے کے وسائل کھو چکے ہیں کے لیے مشترکہ منصوبہ وضع کیا ہے۔اجلاس میں ایدھی ٹرسٹ کے فیصل ایدھی ، رمضان چھیپا ، نئی زندگی کے شہزاد رائے، عالمگیر ٹرسٹ کے شکیل دہلوی ،جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے ظفر عباس ، الخدمت فاؤنڈیشن کے قاضی صدرالدین ، میمن فائونڈیشن کے حنیف موٹلانی و دیگرنے شرکت کی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزراء امتیاز شیخ ، ناصر شاہ ، سعید غنی (ویڈیو لنک) ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، آئی جی سندھ مشتاق مہر ، ہوم سیکرٹری عثمان چاچڑ اور پی ڈی ایم اے کے سلمان شاہ نے کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا
کہ انہیں یومیہ اجرت کمانے والوں کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں جس کے لیے ایک طریقہ کار تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء کورونا وائرس کے سبب موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں سندھ حکومت نے عوام تک مالی مدد اور راشن پہنچانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی میں صوبائی وزیر امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقارمہدی اور وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گزدر شامل ہیں۔ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مطابق کمیٹی طے کرے گی کہ راشن کہاں دیا جائے اور کہاں کیش ٹرانسفر کیا جائے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ بنیادی اشیاء غریب عوام تک پہنچائی جائیں اور فلاحی تنظیمیں اپنے فلاحی کام جاری رکھیں۔ترجمان نے بتایا کہ سندھ حکومت فلاحی تنظیموں سے مل کر کام شروع کر رہی ہے۔اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ دہاڑی دار اور مستحقین کی مدد ہو۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک موبائل سروس شروع کر رہے ہیں جس کے تحت ایک نمبر ہم عوام کو دیں گے اورجس کو راشن چاہیے وہ اس نمبرپر ایس ایم ایس کردے۔
راشن کمیٹی