میہڑ تحصیل اسپتال میں آئسولیشن کی سہولیات میسر نہیں، سعید احمد رند

211

میہڑ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں سندھ سمیت میہڑ میں بھی مکمل لاک ڈاؤن رہا جبکہ شہر کے گھنٹہ گھر چوک مین روڈ، ریشم گلی، بیٹو اسٹاپ، صرافہ بازار، کلاتھ مارکیٹ، اناج منڈی، کریانہ مرچنٹ، میڈیکل اسٹور، جنرل اسٹور سمیت مکمل دکانیں بند رہیں جبکہ کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے ڈی ایس پی میہڑ سعید احمد رند، ایس ایچ او نور مصطفی پٹھان نے پولیس کی بھاری نفری سے شہر کا گشت کیا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی میہڑ سعید احمد رند اور ایس ایچ او میہڑ نور مصطفی پٹھان نے نیشنل پریس کلب میہڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ کورونا وائرس سے احتیاط کرتے ہوئے اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق میڈیکل اسٹور، کریانہ، سبزی کی دکان، پرائیویٹ اسپتالوں کو محدود ٹائم کھولنے کی اجازت دی ہے، گھر کا ایک فرد ضرورت کی چیزیں لے کر واپس چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو خدا خیر کرے اٹلی جیسے حالات پیدا نہ ہوجائیں اور حالات کنٹرول سے نکل جائیں۔ میہڑ تحصیل اسپتال میں آئسولیشن کی سہولیات میسر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام سے محبت ہے، ہم کسی کا کاروبار بند نہیں کر رہے، عوام کی صحت کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ بار بار منع کرنے کے باوجود عوام سڑکوں پر آتے ہیں، 10 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ لائوڈ اسپیکر پر اعلان بھی کیے، دفعہ 144 نافذ ہے اگر لوگ پرہیز نہیں کریں گے تو خلاف ورزی کرنے والے افراد کو گرفتار کریں گے جبکہ شہر کے داخلی راستوں پر 130 پولیس اہلکاروں کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔