سول اسپتال کی برانچوں میں آئسولیشن وارڈبنا دیے ، ڈاکٹر مظہر

180

 

حیدرآباد(اسٹاف روپرٹر)لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کے علاج معالجے کیلیے کوئی کسر نہیں اٹھارکھی جائی گی۔ سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج معالجے کیلیے آئسولیشن وارڈ قائم کردیے گئے ہیں ۔ وہ اپنے دفتر میں اسپتال کے انتظامی افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، اے ایم ایس جنرل ٹو ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ، اے ایم ایس ڈاکٹر وقار محمود، اے ایم ایس جنرل جامشورو ڈاکٹر نیاز حسین ببر، اے ایم ایس پیرامیڈیکل ڈاکٹر نظیر احمد ، کورونا وائرس کے فوکل پرسن حیدرآباد ڈاکٹر نعیم میمن ، کورونا وائرس فوکل پرسن جامشورو ڈاکٹر جوادالہادی اور دیگر بھی موجود تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمظہر علی کلہوڑو نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں خوف وہراس پایا جاتا ہے کیونکہ اس وائرس نے بے پناہ جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے ، اب پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، سندھ کی صوبائی حکومت نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے شہریوں کو گھروں تک محدود کردیا ہے ایسے میں اسپتال کے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھاری ذمے داری ہے کہ وہ اس صورتحال کا تدراک کرتے ہوئے اپنی ذمے داری احسن طریقے سے نبھائیں۔ خود بھی اس حوالے سے احتیاط کریں اور دیگر لوگوں کو بھی احتیاط کرنے کی ہدایت دیں۔ انہوںنے بتایا کہ اسپتال کے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسنگ اسٹاف کو ماسک ، ہاتھوں کے دستانے اور دیگر حفاظتی سامان فراہم کیا گیا ہے جس سے وہ ہر وقت استعمال کریں ۔ سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو کی برانچوں میں کورونا سے متاثرین کیلیے آئسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں جن میں تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔