اسلام آباد سے فرار کورونا کا مریض نوابشاہ سے گرفتار

90

نواب شاہ( بیورورپورٹ) کورونا وائرس کا مشتبہ مریض اسلام آباد کی انتظامیہ کو چکمہ دے کر نواب شاہ پہنچ گیا۔پولیس اور رینجرز کا ٹرین کا گھیراؤ ۔نوجوان کو محکمہ صحت کی ٹیم نے ایمبولینس کے ذریعہ آئسولیشن وارڈ منتقل کردیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی نجی کمپنی میں ملازم مرتضی خاصخیلی
کو کورونا وائرس کے شبہ میں اسلام آباد کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا تھا جو اسپتال انتظامیہ کو چکمہ دے کر ٹرین کے ذریعہ نواب شاہ پہنچ رہا تھا ۔اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے عوام ایکسپریس کو شہر سے باہر روک لیا اور تلاشی کے بعدنوجوان مرتضی خاصخیلی کو ٹرین سے اتار لیا گیا۔ اس موقع پر نوجوان کو مخصوص لباس پہنا کر محکمہ صحت کی ٹیم نے ایمبولینس کے زریعہ سول اسپتال میں قائم آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا۔ مرتضی خاصخیلی کا تعلق سہون سے ہے اور کورونا وائرس کے شبہ میں اسلام آباد کے اسپتال میں داخل تھا جہاں سے فرار ہو کر اپنے گھر سہون آرہا تھا۔