شکارپور، کورونا وائرس کے حوالے سے ضلع بھر میں انتظامات مکمل

143

شکارپور (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے حوالے سے ضلع بھر میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہین صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ۔ صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ پریس کلب شکارپور پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ وہ بھی سندھ کی طرح پورے ملک کو لاک ڈائون کریں ، کیونکہ سعودی عرب ، جرمنی، اٹلی ودیگر ممالک نے بھی اس موذی مرض سے جنگ کرنے کے لیے لاک ڈائون کر رکھا ہے، کورونا ایک وبا ہے، خدا سے دعائیں مانگنے کی ضرورت ہے ، اس کا علاج خود اپنا خیال رکھنا ہے اور احتیاط کرنا ہے ، پوری دنیا میں کورونا سے نمٹنے کے لیے احتیاط پر زور دیا ہے، سندھ کو لاک ڈائون کرنا سندھ حکومت کا فیصلہ ہے ، محنت کشوں اور بے روزگاروں کے لیے کونسلر اور این جی اوز کے ماہرین سے مدد لیکر لسٹیں تیار کی جائیں گی تاکہ روز کمانے اور روز کھانے والوں کامعلوم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مخیر حضرات سے بھی گزارش ہے کہ کورونا جو کہ وبا کی صورت اختیا رکر گیا ہے پوری دنیا میں غریب اور مستحقین کی مدد کے لیے میدان میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ،انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون کے سلسلے میں مدد کے لیے فوج کے دستے اور رینجرز کے دستے شکارپور پہنچ گئے ہیں، شکارپور کے مقامی پانچ لوگوں میں کورونا ظاہر ہوا ہے جوکہ زائرین تھے ان کے گھروں میں راشن بھیجا جارہا ہے اور وہ سکھر میں ہیں کچھ لوگ عمرہ سے واپس آئے ہیں یا ایران سے آئے ہیں ان کا بھی پتالگایا لیا گیا ہے، ابھی تک کوئی ایسی رپورٹ سامنے نہیں آئی جس سے خدشہ ہویہ تمام اقدامات کورونا کی روک تھام کے لیے اٹھائے جارہے ہیں۔ خدشہ ہے کہ کورونا کے کیسز بڑھیں گے کیونکہ یہ مرض تیزی سے بڑھتا ہے، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری سندھ کے تمام انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ بھی مکمل رابطے میں ہیں، شکارپور میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، پبلک اسکول میں 70، لطف اللہ بھیو میموریل اسپتال میں 12 بیڈ پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ تیار کیا گیا ہے، ہم شکر گزار ہیں مرحوم لطف اللہ کے صاحبزادے شہاب خان بھیو کے جنہوں نے اپنا نیا اسپتال کورونا کے آئیسولیشن وارڈ کے لیے دیا ہے۔ وہاں پر 12 وینیلیٹر، ٹیکیشن اور ماہر ڈاکٹر موجود ہیں، ان کو حفاظتی کٹیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس طرح لکھی غلام شاہ، مدیجی اور خانپور میں بھی آئیسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کا آج پہلا دن تھا اور مکمل لاک ڈائون رہا، کچھ شکایتیں آئی ہیں کہ کریانہ کی دکانیں، سبزی، میڈیکل اسٹور وغیرہ بند ہیں مگر یہ صرف احتیاط کے لیے کیا گیا ہے۔